بنگلورو،11/دسمبر (ایس او نیوز) آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی (ایم ای پی) کی صدر وہیرا گروپ کی چیف ایکزی کیٹیو افسر ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے کہاکہ خواتین میں خود اعتمادی پیدا کرتے ہوئے انہیں سیاسی،معاشی اور اقتصادی شعبوں میں مضبوط اور مستحکم بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ پارٹی کی کرناٹک یونٹ کے اعلان کرنے کے بعد پریس کلب میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خواتین کو اپنے جائز اور آئینی حقوق حاصل کرنے اورسیاسی میدان میں آگے بڑھنے کے لئے آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی ہرطرح کے تعاون کے لئے پہل کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ 2018 میں ہونے والے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں پارٹی تمام 224؍اسمبلی حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑا کرے گی جس میں80؍فیصد سیٹیں خواتین کے لئے مختص کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ اگر خواتین کو اپنے جائز حقوق حاصل کرنا ہے تو سیاسی اور انتظامی شعبوں میں ان کی زیادہ سے زیادہ نمائندگی کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے کہاکہ ملک کو آزاد ہوئے 70؍سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود آج بھی خواتین ڈر وخوف کے ماحول میں زندگی گزار رہی ہیں۔ کئی سیاسی پارٹیاں ووٹ حاصل کرنے کے لئے خواتین کے ساتھ اپنی ہمدردی جتاتے ہیں لیکن خواتین کے حقوق اور ان کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لڑکیوں اور خواتین پر ظلم اور زیادتیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ والدین اپنی بچوں کے نکاح کے باوجود چین وسکون کی نیند نہیں سوپارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے حالات میں خواتین میں خود اعتمادی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ان کی پارٹی یہی کرتی آرہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ایوان کے اندر خواتین کی تعداد زیادہ ہو تو ان کے مسئلہ خود بخود حل ہوسکتے ہیں۔ اور ان پر ہورہے ظلم اور زیادتیاں ختم ہوں گی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 18؍برس سے پارلیمان میں خواتین کے لئے 33؍فیصد ریزرویشن کابل التواء میں پڑا ہے۔ کوئی پارٹی اس میں اپنی دلچسپی نہیں دکھاپارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتیں اپنے بجٹوں میں خواتین کے لئے کئی اسکیموں کا تو اعلان کرتی ہیں لیکن ان اسکیموں کو ان خواتین تک پہنچانے میں پوری طرح ناکام رہتی ہیں اور2؍فیصد تک ہی ان اسکیموں سے استفادہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک غلامی سے آزاد ہونے کے باوجود خواتین آج بھی غلامی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاستی عوام ان کی پارٹی کا بھرپور ساتھ دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ برس قبل انتخابی کمیشن میں پارٹی کا رجسٹریشن کیاگیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ خواتین میں استطاعت ہے کہ وہ اپنے دم پر انتخابات میں کامیابی حاصل کرسکتی ہیں۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ان کی پارٹی 2019 میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بھی پوری طاقت کے ساتھ میدان میں آئیں گی۔ ڈاکٹر نوہیرا شیخ کے مطابق اس وقت ملک بھر میں 12؍لاکھ خواتین پارٹی کی رکنیت حاصل کرچکی ہیں جس میں غیر مسلم خواتین بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر پارٹی کی قومی ترجمان ڈاکٹر شہناز ، حسنیٰ رضاء، نیترا، زلیخا ، ششی کلا، مالا، بھاونا ارمنپا بھی شامل تھیں۔